29 اپریل ، 2015
اسلام آباد......تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے ثبوت صرف تھیلوں میں ہی نہیں، انھوں نے جوڈیشل کمیشن کے پاس ثبوت کے لیے ایک لاکھ 26 ہزار دستاویزات جمع کرائی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن غلط قرار دینے سے متعلق جسٹس وجیہہ ٹریبونل کا فیصلہ تسلیم، لیکن ہمارا ان سے اختلاف یہ ہے کہ نئے الیکشن تک پارٹی میں نگران سیٹ اپ نہیں لگایا جا سکتا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سوال کیا تھا کہ دھاندلی کے ثبوت تھیلوں کے پاس ہیں تو عمران خان کے پاس کیا ہے۔ اس کا جواب عمران خان نے کچھ یوں دیا۔ الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا کر عمران خان نے وزیراعظم اور حکومت کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ اپنے پارٹی انتخابات کو غلط قرار دینے کے جسٹس وجیہہ ٹریبونل کا فیصلہ انھوں نے تسلیم کیا مگر عہدے داروں کو ہٹانے سے انکار کر دیا۔ عمران خان نے ایک موقع پر کہا کہ این اے 246 میں ایم کیو ایم ٹھیک جیتی، این اے 246 میں ہمارے امیدوار عمران اسمٰعیل کو ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے خوف کی فضا ہے، کراچی کے سرمایہ کار خوف کی فضا کے باعث شہر چھوڑ کر جارہے ہیں، ٹارگٹ کلرز جس جماعت کا ہو، اسے گرفتار کیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا کراچی میں ووٹ بینک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے گھر کے باہر دو ماہ سے مظاہرہ ہو رہا ہے مگر انھوں نے مظاہرین کے خلاف پولیس استعمال نہیں کی یہ نیا پاکستان ہے۔ راول پنڈی کینٹ کے بلدیاتی انتخاب میں شکست سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ اس کا جائزہ لیا جائے گا۔