08 مئی ، 2012
نیویارک… عالمی لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن لیمونٹ پیٹرسن کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد 19 مئی کو ان کی عامر خان سے ہونے والی فائٹ کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے ۔ واڈا کے تحت عامر خان اور لیمونٹ پیٹرسن کارینڈم ڈرگ ٹیسٹ لیا گیا جس میں لیمونٹ پیٹرسن ناکام ہو گئے۔ ٹیسٹ رپورٹ سے ثابت ہوا ہے کہ لیمونٹ پیٹرسن نے ایسی کوئی چیز استعمال کی جس پر پابندی ہے۔ سابق چیمپئن عامر خان اور لیمونٹ پیٹرسن کے درمیان 10 دسمبر کو واشنگٹن میں ٹائٹل فائٹ ہوئی تھی جہاں ریفری پینل نے لیمونٹ کو فاتح قرار دیا تھا۔ عامر خان نے فائٹ کے نتیجہ میں گڑ بڑ کی نشاندہی کی تھی اور ری میچ کا مطالبہ کیا تھا جس پر یہ فائٹ 19 مئی کو لاس ویگاس میں شیڈول ہے۔ لیمونٹ پیٹرسن کا کہنا ہے کہ ماضی میں ان سے ایسی کوئی غلطی سرزد نہیں ہوئی، وہ واڈا کے قوانین کا احترام کرتے ہیں اور میڈیکل رپورٹ جلد جمع کروائیں گے۔ دوسری جانب عامر خان کے منیجر آصف والی نے لیمونٹ پیٹرسن کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر حیرت کا اظہارکرتے ہوئے اسے دھچکا قرار دیا۔