05 مئی ، 2015
کراچی..........سندھ اسمبلی میں پانی کے مسئلے پر بحث کا آغاز ہوا تو ساتھ ہی ٹُچا اور ٹُچی حرکت کے الفاظ ایوان میں گونجنے لگے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے پانی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ایم کیو ایم نے پانی کے سنگین مسئلے پر پریس کانفرنس بھی کی جس کے بعد وزیر بلدیات شرجیل میمن نے گزرے دنوں کے قصے چھیڑ ڈالے۔ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس میں ان پر الزام لگا یا کہ وہ شہر میں پانی کے بحران کا ذمہ دار ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ شرجیل میمن نے شادی ہالز مسمار کر کے ٹُچی حرکت کی ہے، جس کے بعد شرجیل میمن چراغ پا ہوگئے کہ کیا گھوسٹ ملازمین کو نکالنا ٹُچی حرکت ہے اور ایوان میں ٹچا اور ٹچی حرکت کی گونج سنائی دینے لگی۔شرجیل میمن کا غصہ ٹھنڈا ہوا تو ایم کیو ایم کے اراکین سے فرمائش بھی کی کہ لفظ ٹچے کا اردو لغت میں کیا معنی ہے ذرا ڈھونڈ کربتائیں۔