13 مئی ، 2015
کراچی .....کراچی میں دہشت گردی کے افسوس ناک واقعے میں45 معصوم افرادکی جان لے لی گئی۔دہشت گردوں نے اسکیم 33 صفورا چورنگی کے قریب اسماعیلی کمیونٹی کی بس میں گھس کر معصوم لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 45 افرادجاں بحق ہوگئے۔سندھ حکومت نے کل صوبے بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے صفورا چورنگی پر بس پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔صفورا چوک کے قریب واقع الازہر اپارٹمنٹ کے ڈی اے اسکیم 33 کا علاقہ عموماً آبادی کم اور غیر آباد ہونے کی وجہ سے اس علاقے میں آمدورفت کم ہوتی ہے اور سڑک سنسان ہوتی ہے۔بدقسمت بس میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد معمول کے مطابق اپنے امور انجام دینے کے لئے عائشہ منزل جارہے تھے۔بس اپارٹمنٹ سے نکل کر جب غازی اور ماروڑا گوٹھ کے درمیان پہنچی تو تین موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح دہشت گردوں نے بس میں سوار ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔بس میں سوار 65 سے زائد میں زیادہ تر عمررسیدہ افراد تھے۔دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ابتدائی طور پر جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی میمن اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں انتظامیہ نے 43 افراد جس میں خواتین بھی شامل تھیں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔بعض زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے بھی موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔اسپتال انتظامیہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے رضاکاروں کی جانب سے جاں بحق اور زخمیوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں جبکہ اسپتال اور اطراف کے علاقے میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد اسپتال کے احاطے میں غم سے نڈھال ہے۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے صفورا چورنگی پر بس پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری ،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ،گورنر محمد خان اچکزئی،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ،ایم کیو ایم قائد الطاف حسین ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،اے این پی رہنما سفند یار ولی خان سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے کراچی کے علاقے صفورا چورنگی پر بس پر دہشت گرد کے حملے کی مذمت کی اور دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔