13 مئی ، 2015
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے صفورا چورنگی کے قریب مسلح دہشت گردوں کی آغا خانی کمیونٹی کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اور اس کے نتیجے میں متعدد مسافروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسافر بس پر فائرنگ کا واقعہ بد ترین دہشت گردی ہے اور اس میں ملوث دہشت گرد سفاک اور درندہ صفت ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہرمیں سفاک دہشت گرد ایک جانب ڈاکٹرز ، پروفیسر ز ، انجینئرز ، علمائے کرام ، تاجروں سمیت عام شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور آج صفورا چورنگی پر مسافر بس پر فائرنگ کے واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکے ہیں اور انہوں نے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر دہشت گردوں کو پکڑنے کے بجائے پرامن سیاسی جماعت ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور ان کی گرفتاریاں کرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے اور میڈیا ٹرائل کرکے ایم کیوایم کو دنیا بھر میں بدنام کیاجارہا ہے ۔ اصل جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ سفاک دہشت گرد آئے روز دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں جس کے نتیجے میں میں ڈی ایس پی رینک کے افسران سمیت پولیس اہلکار بھی قتل ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مسافر بس پر دہشت گردی کے المناک واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد آج بھی آزاد ہیں اور کھلے عام کاررائیاں کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ صفورا چورنگی پر مسافر بس کو فائرنگ کا نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوںکو فی الفور گرفتار کیاجائے اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت کا درست تعین کرکے سفاک اور درندہ صفت دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔انھوں نے شہداکے سوگوار لواحقین، آغاخان کمیونٹی کے رہنمائوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید افراد کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت و تندرستی عطاکرے ۔