پاکستان
15 مئی ، 2015

ملتان میں صحافیوں پر تشدد ، رابطہ کمیٹی کی مذمت

  ملتان میں صحافیوں پر تشدد ، رابطہ کمیٹی کی مذمت

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ملتان میں تحریک انصاف کے جلسہ میں میڈیا کے نمائندگان کو تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں تبدیلی کے نعرے بلند کررہی ہے جبکہ اس کے جلسوں میں بدنظمی ، بد تہذیبی اور صحافیوں پر تشدد کےمتعدد واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ تحریک انصاف میںنظم و ضبط کا فقدان ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنان نے میڈیا کے نمائندگان کوکورریج کرنے پر جس طرح سے مارا پیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا وہ انتہائی شرمناک اور آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے مترادف ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے تحریک انصاف کے کارکنان کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور تحریک انصاف کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں پر تشدد میں ملوث کارکنان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائے اور صحافت کے معزز کے شعبے سے وابستہ افراد کو ذلیل و رسوا کرنے کا سلسلہ بند کرائیں ۔ دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنایاجارہا ہے جو باعث تشویش ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار ہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہوں گے تو عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھے گا جس کے باعث شہر کی معاشی اور اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوگی ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں جس پیمانے پر قتل و غارتگری اور دہشت گردی جاری ہے اس تناظر میں اگر دیکھاجائے تو حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی زیرو ہے اور وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سب ٹھیک ہے کے دعوے کرکے اپنے آپکو بری الذمہ تصور کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دنوں صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس کو دہشت گردوں نے جس بربریت اور سفاکیت سے نشانہ بنایا اس کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل کی واردات سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور شہر کراچی میں دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اور عملی کارروائی عمل میں لاکر عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم بیلجئم یونٹ کے ایک وفد نے بیلجئم میںمقیم اسماعیلی کمیونٹی کے رہنماء سلیم تابانی سے ملاقات کی اور کراچی میں بے گناہ اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کے جاںبحق ہونے پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ۔وفد کے ارکان نے ملاقات کے دوران کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور زخمی ہونے والوں کو جلدومکمل صحت یابی عطا کرے۔

مزید خبریں :