10 مئی ، 2012
لاہور ... بھارتی میڈیا کی جانب سے ممبئی میں تین پاکستانیوں سمیت پانچ مبینہ دہشت گردوں کے داخلے کی خبر کی چند گھنٹوں بعد جھوٹی ثابت ہوگئی ، بھارتی میڈیا نے جن تین پاکستانی افراد کی تصویریں دکھائی ہیں وہ لاہورمیں موجودہیں اورکئی سال سے کاروبار کررہے ہیں، ان افراد نے بھارتی میڈیاکیخلاف ایکشن کیلیے تھانہ گلبرگ میں درخواست جمع کرادی ہے۔ بھارتی میڈیا میں جن تین پاکستانیوں کی تصویر یں پیش کی گئی ہیں وہ لاہورمیں ہیں ،ان میں سے مہتاب بٹ 14سال سے اورعاطف بٹ 12سال سے دکان چلا رہے ہیں جبکہ تیسرا شخص بابر پانچ سال سے حفیظ سنٹر میں ہی سیکورٹی گارڈ ہے۔ ان افراد کا کہنا ہے کہ انہیں کہیں سے پتہ چلا کہ انکی تصویریں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے ان تینوں کا تعلق لشکرطیبہ سے ظاہرکیا تھا۔بھارتی میڈیا پر خبر اورتصویر آنے کے بعد حفیظ سنٹر کے دکانداروں نے بھارتی میڈیا کیخلاف سخت احتجاج کیا اورگلبرگ تھانے میں درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا نے انکی کردار کشی ہے لہذا اسکے خلاف ایکشن لیا جائے۔ادھر اے ایس پی گلبرگ طارق عزیز کا کہنا ہے کہ یہ کیس سائبر کرائم جوائنٹ کمیٹی کے سپرد کیا جائیگا جو پتہ چلائے گی کہ پاکستانی شہریوں کی تصاویر بھارت کیسے پہنچی ہیں۔