پاکستان
26 جنوری ، 2012

کراچی میں وکلاء کے قتل کیخلاف ملک بھر میں احتجاج

کراچی میں وکلاء کے قتل کیخلاف ملک بھر میں احتجاج

کراچی… کراچی میں گزشتہ روز تین وکلاء کے قتل کے خلاف ملک بھر میں وکلاء برادری کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔کراچی میں وکلاء برادری کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج اور دھرنا دیا جارہا ہے۔ حیدرآبادمیں سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلاء عدالتوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔وکلاء کا مطالبہ ہے کہ فائرنگ کرکے قتل کئے گئے وکیلوں کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔ خیرپور،سکھر لاڑکانہ،نواب شاہ ،بدین سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی وکلا کی ہڑتال کی باعث عدالتی کارروائی معطل ہیں۔ ملتان،ڈیرہ غازی خان،وہاڑی،مظفرگڑ،چیچہ وطنی ،منڈی بہاوٴالدین،میانوالی،گوجرہ سمیت دیگر علاقوں میں پنجاب بار ایسو سی ایشن کی اپیل پروکلاء احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ بہاول پور،بہاول نگر،صادق آباد سمیت رحیم یار خان ریجن میں بھی وکلاء عدالتوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ادھربلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر داد خان کاسی نے کہا کہ وکلا کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کیا گیاجس پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلا برادری کی جانب سے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ جاری ہے کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہا ہے،ان کا کہنا تھاکہ وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے، حکومت اس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرے۔ حب ،نصیر آباد اور جعفر آباداور سبی سمیت صوبہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں وکلاء عدالتی بائیکاٹ پر ہیں۔ چارسدہ ،نوشہرہ ،صوابی ،مردان ،سوات سمیت خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع میں بھی آج عدالتی امور کابائیکاٹ کیاجارہاہے۔

مزید خبریں :