25 مئی ، 2015
اسلام آباد........ایگزیکٹ سکینڈل کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ نے امریکی ایف بی آئی سے رابطہ کرکے ایف آئی اے سے تعاون کی درخواست کردی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ایگزیکٹ کمپنی کے ملازمین کو دفتر طلب کرکے20 سوالات پرمشتمل سوالنامہ حوالے کیاہے۔ ایگزیکٹ کمپنی کی طرف سے مبینہ جعلی ڈگریوں کے اجرا ءکےمعاملےپروفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی تحقیقات کادائرہ ہرگزرتے دن کےساتھ وسعت اختیارکرتاجارہاہے۔ وزارت داخلہ نے ایگزیکٹ سکینڈ ل کی تحقیقات کے لیے امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کوخط لکھ کر معاونت کی درخواست کی ہے۔ یہ دونوں ایجنسیاں ماضی میں بھی اہم کیسز کی تحقیقات کیلئے باہمی تعاون کرتی آئی ہیں۔ دوسری طرف ایف آئی اے اسلام آباد کی تحقیقاتی ٹیم نے ایگزیکٹ کمپنی کے ملازمین کو دفتر میں طلب کرکے انہیں 20سوالات پر مشتمل ایک سوال نامہ دیا ہے، اس میں ان کے نام، پتے اوررابطہ نمبروں کےعلاوہ کمپنی میں ان کےکام اورذمہ داریوں کی نوعیت سے متعلق سوالات پوچھے گئےہیں۔ذرائع کاکہنا ہے کہ سوال نامہ ابتدائی فرانزک رپورٹ کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے اسلام آباد کا سائبر کرائمز ونگ بدستور ایگزیکٹ کمپنی کے دفتر سے قبضے میں لیے گئے کمپیوٹرز کی حتمی فرانز ک رپورٹ کی تیاری میں مصروف ہے۔