26 مئی ، 2015
لندن........انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 2ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے لارڈز کے میدان میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز ٹیم کو 124رنز سے شکست دے کر سیریز میں0-1 برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلش ٹیم نے میچ کے آخری روز کیویز ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 345رنز کا ہدف دیا تھا، ہدف کے تعاقب میں پوری کیوی ٹیم 220رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیوی ٹیم اپنی دوسری اننگز کے آغاز سے ہی پریشان حال نظر آئی اور صرف 61رنز کے اسکور پر اس کے 5کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ کوری اینڈرسن67 اور وکٹ کیپر والٹنگ کے59 رنز نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کا اسکور 168رنز تک پہنچا دیا، لیکن اس کے بعد نیوزی لینڈ کا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس سب سے کامیاب بولر رہے، انھوں نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹیسٹ کے پانچویں روز انگلینڈ نے 4وکٹوں کے نقصان پر دوسری اننگز شروع کی تو پوری ٹیم 478رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، ٹیم کی جانب سے کپتان السٹر کک162 اور بین اسٹوکس101 نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور اس طرح انگلش ٹیم کو کیوی ٹیم پر 345رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں523 رنز بنائے تھے اور ان کی اننگز میں اہم کردار کین ولیمسن132 رنز رہے، جبکہ مارٹن گپٹل70، ٹام لاتہم59، راس ٹیلر62 اور بی جے واٹلنگ61 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، جبکہ انگلش ٹیم کی جانب سے اسٹورٹ براڈ3 اور مارک وڈ3 نے وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ کھیل کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جو کہ 389رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی، ٹیم کی جانب سے جو روٹ98، بین اسٹوکس92، جوس بٹلر67 اور معین علی58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 4،4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔