30 مئی ، 2015
پیرس......عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے فتوحات برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ مرین چلچ، برڈچ اور تسونگا بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ فرانس میں جاری سال کے دوسرے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں مینز سنگلز ایونٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے تیسرے راؤنڈ میچ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلین پلیئر تھناسی کو 6-4، 6-4 اور 6-4 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، ایک اور میچ میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے آسٹریلیا کے کرگیوس کو 6-4، 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، مرین چلچ نے میئر کو ہرا کر تیسری رکاوٹ عبور کیا۔ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈچ نے پائری کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، فرانس کے جوویلفریڈ تسونگا بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے اور پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔