04 جون ، 2015
کراچی..........صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں 48 مدارس مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں دہشت گردوں کو فنڈنگ روکنے کی کوششوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان، کورکمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت دیگر اداروں کے افسران نے صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے پہلی مرتبہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سانحہ صفورا کے مرکزی ملزم طاہر کی گرفتاری کے بعد رہائی سے متعلق تفصیلات سامنے لائی گئیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صوبے میں 48 مدارس مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئےہیں ۔کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ کے راستے بند کرنے ، قبضہ گروپ ، غیر قانونی ہائیڈرنٹس ،بھتہ خوری ،زبردستی فطرہ اور کھالیں جمع کرنے اور غیرقانونی پٹرول کی روک تھام کے لئے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ گھوسٹ ملازمین کیخلاف سخت اقدامات کا عندیہ بھی دیا-اجلاس میں بتایا گیا کہ ہنڈی اور حوالے کے ذریعے دہشتگردوں کو رقوم منتقل کی جارہی ہیں جبکہ بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوگئی ہے۔