04 جون ، 2015
کراچی..........کراچی میں پولیس کے مبینہ تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن وسیم دہلوی کے جاں بحق ہونے پر سندھ کے مختلف شہروں میں یوم سوگ منایا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے کارکن وسیم دہلوی کی پولیس حراست میں ہلاکت کیخلاف دو روزہ یوم سوگ کی اپیل کی تھی جس پر کراچی میں آج کاروباری سرگرمیاں بڑی حد تک معطل رہیں- بیشتر علاقوں میں دُکانیں، بازار، پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بند تھے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے خاصا کم رہا- یوم سوگ کی وجہ سے نجی و سرکاری جامعات، انٹرمیڈیٹ بورڈ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا- ایم کیو ایم کی جانب سے لال قلعہ گرائونڈ پر وسیم دہلوی کے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی اور فاتحہ کا اہتمام کیا گیا،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں مطالبہ کیا کہ وسیم کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے-ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے یوم سوگ کی حمایت پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کیا اور سہ پہر کے وقت کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اپیل کی جس کے بعد شہر میں زندگی معمول پر آگئی-