دنیا
08 جون ، 2015

ہماری فوج مکتی باہنی کے ساتھ مل کر لڑی، مودی کا اعتراف

ہماری فوج مکتی باہنی کے ساتھ مل کر لڑی، مودی کا اعتراف

ڈھاکا......جنگ نیوز......بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان توڑنے کی سازش کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کا قیام ہر بھارتی کی خواہش تھی، ہماری افواج بنگلہ دیش کی آزادی کے لئے مکتی باہمی کے ساتھ مل کر لڑی اور بنگلہ دیش بننے کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد کی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورئہ بنگلہ دیش کے موقع پر تقریب سے خطاب اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کیا۔ تقریب میں سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو بنگلہ دیش کی آزادی میں فعال کردار ادا کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے پر ’بنگلہ دیش لبریشن وار آنر‘ سے نوازا گیا۔ نریندر مودی نے واجپائی کے لیے یہ اعزاز بنگلہ دیشی صدر عبدالحمید کے ہاتھوں وصول کیا۔ مودی کا کہنا تھا کہ وہ 1971میں مکتی باہنی کی حمایت میں ستیہ گرہ تحریک میں بطور نوجوان رضاکار شرکت کے لئے دہلی آئے تھے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں ’دہشتگردوں‘ کے خلاف حسینہ واجد حکومت کے جاری کریک ڈائون کی بھی حمایت کی۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر پاکستان کی ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ نیپال میں ہونے والے سارک ممالک کے اجلاس میں رکن ممالک میں روابط بڑھانے کے لیے معاہدہ نہیں کرسکے، تاہم بھارت، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش نے تجارت کے فروغ کے لئے ایک دوسرے سے روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ڈھاکا میں گارمنٹس انڈسٹری کی کامیابی کو بھی سراہا۔ مودی نے 6دسمبر1971 کو پارلیمنٹ میں دیے گئے، واجپائی کی تقریر کو بھی دہرایا جس میں انھوں نے حکومت سے بنگلہ دیش کو تسلیم کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں :