08 جون ، 2015
کراچی.......رفیق مانگٹ.......بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر دہشتگردی کو فروغ دینے اور پریشانی پیدا کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔ بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے، اکنامک ٹائمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے بنگلہ دیش کے 2روزہ دورے کے دوران پاکستان کو پریشانی کا موجب اور مسلسل دہشتگردی کے فروغ دے کر بھارت کو پریشان کرنے کا الزام لگایا۔ بھارتی وزیر اعظم نے پاکستان کے خلاف بنگا بندھو انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں سخت زبان استعمال کرتے ہوئے، خطے میں بنگلا دیش کے ساتھ مل کر دہشتگردی سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے ڈھاکا یونیورسٹی میں الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان آئے روز بھارت کو تنگ کرتا ہے، جو ناکو دم لا دیتا ہے، دہشتگردی کو بڑھاوا دیتا ہے۔ مودی نے سقوط ڈھاکا کے دوران 90000پاکستانیوں کے بھارتی قیدی بننے کے بارے کہا کہ اگر ہماری ذہنیت خراب ہوتی، تو نہیں جانتے کہ اس وقت کیا فیصلہ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، بھارت گزشتہ 40برس سے پریشان ہے، کئی معصوم لوگ مارے گئے۔ دہشتگردی سے منسلک لوگوں نے کیا فائدے حاصل کیے ہیں اور دنیا کو کیا دیا ہے۔ دہشتگردی کی کوئی اقدار نہیں، کوئی اصول ہے نہ، کوئی روایات اور صرف ایک ہی مقصد ہے اور یہ کہ انسانیت کی دشمن ہے۔