08 جون ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........سنی رضوی سوسائٹی اسپین کے زیر اہتمام ’’لیلتہ النور‘‘ کے عنوان سے سالانہ محفل نعت کا انعقاد ہوا جس میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور درود پاک کا ورد کرکے اپنی حاضری کو اس محفل میں یقینی بنایا۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، پاکستان سے آئے ہوئے سید مظفر حسین شاہ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اُمت کی ان سے محبت کے عنوان سے مفصل بیان فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے سب سے زیادہ تعریف اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی بیان فرمائی جبکہ اللہ کی سب سے زیادہ تعریف ہمارے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان کی ہے۔ انہوں نے برما، روہنگیا ، کشمیراور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کی سخت الفاظ مین مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی اور فرقہ واریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ریڈیو اور ٹی وی کے معروف نعت خواں حضرات تسلیم صابری، قاری شاہد محمود، الحاج قاری عبدالرحمان، حاجی زاہد لطیف اور ارشد نقشبندی نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر بذریعہ قرعہ اندازی خوش نصیبوں میں عمرے کے ٹکٹ تقسیم کئے گئے جبکہ معروف کاروباری شخصیت چوہدری امتیاز لوراں نے سنی رضوی سوسائٹی اسپین کے روح و رواں یاسر علی اور راجہ حسن نعیم کو عمرے کے ٹکٹ تحفہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اسپین میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی محافل کا انعقاد کرکے نئی نسل کو مثبت اور اپنے آقا صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا پیغام دے رہے ہیں۔ چوہدری عبدالغفار مرہانہ، میاں ذاکر عباس، علی رشید بٹ، حاجی اسد حسین، راجہ شعیب ستی، راجہ ٹیپو اور چوہدری جاوید اقبال چک سکندرنے اس محفل کے انعقاد میں خصوصی تعاون کیا۔ پاکستان سے آئے ہوئے نعت خواں حضرات نے کہا کہ ایسی محافل ہماری نئی نسل کے لئے دین سے قربت اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔