11 جون ، 2015
لاہور.........گلوکارہ حمیرا ارشد کا گھر ٹوٹنے سے بچ گیا، شوہر سے صلح ہوگئی ، جس کے بعد طے پایا ہے کہ حمیرا، احمد اور ان کا بچہ سب ساتھ رہیں گے۔ جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے حمیرا ارشد نے کہا کہ جھگڑا سکھانے پڑھانے والوں نے کرایا تھا، جنھوں نے ان کا گھر توڑنے کی کوشش کی، ان کا گھر بھی ٹوٹے گا۔ گلوکارہ حمیرا ارشد نے ایک مرتبہ پھر احمد بٹ کو آنکھوں کے قریب بسانے کا فیصلہ کیا ہے، جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اختلافات کی برف پگھلانے میں اہم کردار خود احمد بٹ نے ادا کیا۔ احمد بٹ کی ان ملاقاتوں میں حمیرا نے انھیں سمجھایا کہ وہ زیادہ غصہ نہ کیا کریں اور دوسروں کی باتوں میں آنا چھوڑ دیں۔ انھوں نے کہا کہ میاں بیوی کے جھگڑے میں کچھ اور لوگ ملوث تھے جو احمد کو سکھاتے پڑھاتے تھے۔ حمیرا اور احمد کے اختلافات ختم ہوئے، اب دونوں کو چاہیے کہ پیار محبت سے رہیں، کیونکہ ان کے مداح انھیں ساتھ ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔