12 جون ، 2015
اسلام آباد.......ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ 1971 کی جنگ میں بھارتی کردار اور پاکستان توڑنے کے بھارتی بیانات کو سفارتی سطح پر عالمی فورمز میں اٹھایا جائے گا۔ پاکستانی سول و ملٹری قیادت نے بھارتی اشتعال انگیز بیانات کا جواب دیا ہے۔دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مفادات کے تحفظ میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گا۔ افغانستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ڈیرہ اسماعیل خان سے اغواء ہونے والے چینی سیاح کے معاملے پر متعلقہ ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔ پھانسیوں کے حوالے پاکستان کسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں کر رہا، سیو دی چلڈرن فنڈ کا معاملہ وزارت داخلہ کے پاس ہے۔