16 جون ، 2015
اسلام آباد........وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا بیان انتہائی غیر مناسب، بلاجواز اور ہتک آمیز ہے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے آج کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ زرداری نےاپنی کوتاہیاں اور کمزوریاں چھپانے کیلئے اہم ترین قومی ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،قومی ادارے کو اس موقع پر نشانہ بنانا جب جوان جانیں قربان کررہےہیںقابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طرز سیاست خطرناک ہونے کے ساتھ ساتھ قابل مذمت بھی ہے،زرداری صاحب کچھ بھی کہہ لیں، پاکستانی افواج اور اس کی قیادت کی عزت ہر پاکستانی کے دل میں ہے،زرداری کی سیاست سےقومی تشخص اور اس کے اداروں کونقصان ہوسکتا ہے،پیپلزپارٹی کی گرتی ساکھ کی وجہ کوئی ادارہ نہیں ان کی اپنی حکومت کی کارگزاری ہے۔