17 جون ، 2015
کوئٹہ ......کوئٹہ میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپائو کو حاضری سے ایک دن کا ستثنیٰ دیتے ہوئے آئندہ پیشی پر طلب کرلیا ہے۔عدالت نے سرکاری گواہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی۔اس موقع پر عدالت میں وکیل استغاثہ اور وکلاء صفائی پیش ہوئے،عدالت میں آفتاب شیرپاو کےوکیل ذیشان چیمہ نے اپنے موکل کی حاضری سے ایک دن کے استثنی کی درخواست کی،جسے منظور کرلیاگیاتاہم عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ان کے موکل پیش ہوں۔عدالت نے کیس میں سرکاری گواہوں کو بھی آئندہ پیشی پر حاضری کی درخواست کی،اس دوران آفتاب شیرپاو کےوکیل ذیشان چیمہ نے وکیل استغاثہ سہیل راجپوت پر جرح کی۔ان کا کہنا تھا کہ رول 157کےمطابق کوئی گواہ بطور وکیل کسی مقدمہ میں پیش نہیں ہوسکتاجبکہ وکیل استغاثہ ایسا کررہے ہیں،بعد میں کیس کی سماعت 8 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔اس سے قبل گزشتہ سماعت پر کیس میں نامزد مرکزی ملزم پرویز مشرف کو حاضری سے مشروط طور پر مستقل استثنی دیدیا گیاتھا۔