12 مئی ، 2012
لاہور…گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب جمہوریت کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف نا وزیراعلیٰ ہیں اور نہ ہی ممبر اسمبلی، سارے کا سارا نظام غیر آئینی اور غیر قانونی چل رہا ہے۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ جب انارکی آتی ہے تو وہ یہ نہیں دیکھتی کہ یہ وفاق ہے، صوبہ ہے پیپلز پارٹی یا کوئی اور ہے۔ جلسے جلوسوں کی قیادت کرنے والے سوچیں کہ وہ قوم اور ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔ گورنر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہر بات کر کے مکر جاتے ہیں سپریم کورٹ ان کا جلدی فیصلہ کرے تاکہ قوم کو ان کی ذات سے چھٹکارا ملے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت چلانا چاہتے ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ کی ہر سمری کو مسترد کرنے لگوں تو حکومت ایک منٹ میں دھڑام ہو جائے گی۔ صدر زرداری نے کہا تھا کہ انہیں خیرات میں پنجاب حکومت دی۔