پاکستان
22 جون ، 2015

کراچی میں درجہ حرارت 43، 3 روز میں 350 افراد جاں بحق

کراچی میں درجہ حرارت 43، 3 روز میں 350 افراد جاں بحق

کراچی ........کراچی میں درجہ حرارت 43ہوگیا،لو لگنے اور جسم میں پانی کی کمی سے 3روز میں مرنے والوں کی تعداد ساڑھے 3سو سے زیادہ ہوگئ۔ رینجرز نے متاثرین کے لیے 10امدادی کیمپ قائم کردیے۔کراچی میں گرمی کی قیامت خیز لہر آج بھی جاری رہی، 3روز کے دوران ساڑھے 3سوشہری جان کی بازی ہار گئے۔ایدھی سردخانے میں لاشیں رکھنے کی گنجائش ختم ہوگئی۔کراچی میں قیامت کی گرمی نے آج بھی کئی گھرانوں کے چراغ گل کر گئی۔ نیو کراچی،سائٹ،گلشن اقبال،نارتھ کراچی،صدر ہو یا پھر مضافاتی علاقے کوئی جگہ ایسی نہیں جہاں سے ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن، گیسٹرو اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد اسپتال نہ لائے گئے ہوں۔ گرمی کے باعث اب تک جنا ح اسپتال میں 145، سول اسپتال میں 55، عباسی شہید اسپتال میں 68،نیو کراچی اسپتال میں 12اور نجی اسپتالوں میں دو درجن سے زائد مریض دوران علاج چل بسے۔ اس کے علاوہ کئی افراد ایسے بھی ہیں جو گرمی کے باعث گھروں میں ہی دم توڑ گئے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت میں کمی کے باعث لوگوں کو باآسانی لو لگ جاتی ہے اس لئے گرم موسم میں بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلاجائے اورپانی سے بار بار منہ کو دھویا جائے۔ حکام کے مطابق گرمی کے باعث جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کی عمریں 40سال سے زائد ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کے سبب ایدھی سرد خانے کی گنجائش ختم ہوگئی جس کے باعث عباسی شہید اسپتال کی مورچری کھول دی گئی۔

مزید خبریں :