پاکستان
22 جون ، 2015

سندھ اورپنجاب میں سورج آگ برساتا رہا، شہری بلبلاتے رہے

سندھ اورپنجاب میں سورج آگ برساتا رہا، شہری بلبلاتے رہے

کراچی........ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کا راج ہے تو بالائی علاقوں میں ساون کی جھڑی لگی ہے۔ سکھر، جیکب آباد، تربت، سبی اور کراچی میں سورج آگ برسا رہا ہے تو مری، مظفرآباد، سوات، ایبٹ آباد سمیت بالائی علاقوں میں بادل رم جھم برسا رہے ہیں۔سندھ اور پنجاب کے شہروں میں گرمی کی لہربرقرارہے۔آگ اگلتے سورج کی شعاعوں اورگرم ہوا کے تھیپڑوں سے شہری بلبلا اٹھے۔ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے لوگوں نے نہروں کا رخ کیا۔آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 47،لسبیلہ میں 46،سبی 45،سکھر،لاڑکانہ اورحیدر آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں سے موسم مزید خوشگوارہوگیا ہے۔ملکہ کوہسار مری میں کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش نے مناظر کو مزید دلکش بنادیا ہے۔شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے چہرے بھی کھل اٹھے۔سیاح خوبصورت موسم کو خوب انجوائے کررہے ہیں۔ سوات اور مانسہرہ میں بھی کالے بادل جھوم کربرسے،باران رحمت برستے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ایبٹ آباد میں بھی برکھارت نے موسم کو سہانا کردیا۔مظفر آباد میں تین روز کی شدید گرمی کے بعد آج بادل گرجے بھی اور جم کر برسے بھی۔بادل برستے ہی لوگ سڑکوں پرنکل آئے۔باجوڑ ایجنسی میں بھی آدھے گھنٹے کی بارش نے موسم خوش گوار کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے جمعرات کے دوران کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راول پنڈی،پنجاب،کراچی سمیت اندرون سندھ،مالاکنڈ،کوہاٹ،گلگت بلتستان کے چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

مزید خبریں :