23 جون ، 2015
کراچی........کراچی میں شدید گرمی سے 4دن میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 722تک پہنچ گئی۔ حیدر آباد، ٹنڈوالہٰ یار اور ہالا میں 24گھنٹوں میں 33افراد کی جان چلی گئی۔ کراچی میں آج درجہ حرارت 41تک پہنچا۔ کراچی میں قیامت خیز گرمی کی لہر جاری ہے، لو لگنے اور جسم میں پانی کی کمی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 722تک پہنچ گئی ہے،سیکڑوں مریض اب بھی مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کراچی میں چار روز سے جاری قیامت خیز گرمی 722افراد کی زندگی کا چراغ گل کرچکی ہے۔آج بھی دن بھر پارہ 36 سے 40 ڈگری کے درمیان رہا ۔ ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران 201 افراد مردہ حالت میں اسپتال لائے گئے۔ بلدیہ عظمٰی کراچی کے اسپتالوں میں 112 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سول اسپتال میں 86 افراد انتقال کرگئے ،نیوکراچی اسپتال میں 15 افراد مردہ حالت میں لائے گئے۔ لیاقت نیشنل اسپتال میں اب تک 59 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ قطر اسپتال میں 32 ،انڈس اسپتال میں 40 ، ضیاء الدین اسپتال میں 38 افراد جان سے گئے۔ قومی ادارہ امراض قلب میں 64 افراد مردہ حالت میں لائے گئے۔قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں 35 بچے انتقال کرگئے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت میں کمی کے باعث لوگوں کو با آسانی لو لگ جاتی ہے اس لیے گرم موسم میں بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلاجائے اورپانی سے بار بار منہ دھویا جائے۔ ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، بجلی نہ ہونے کی صورت میں ہاتھ والے پنکھے استعمال کریں۔ سحر وافطار میں پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت گرم موسم میں کھانے میں چائے ، کافی اور سوڈا کا استعمال نہ کیاجائے۔اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں گرمی سے درجنوں افراد کے گھروں میں انتقال کرجانے کی اطلاعات بھی ہیں۔