29 جون ، 2015
لاہور........امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ کی ابتر صورتحال کی ذمے دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں، لیکن حکومت کا خاتمہ نہیں اصلاح چاہتے ہیں۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ سندھ میں تمام محکمے مفلوج ہوچکے ہیں، لوگ مررہے ہیں لیکن کوئی پُرسان حال نہیں،پھر بھی سندھ حکومت کا خاتمہ نہیں اصلاح چاہتے ہیں کیونکہ مسائل کا حل عوام کے پاس ہے،آپریشن کے نتائج زیادہ بہتر نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جانب سے بھارتی رقوم اور مدد لینے سے ملکی ادارے واقف تھے، مصلحتاً خاموش رہے، ایم کیو ایم پر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ کابینہ سمیت کراچی جائیں اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہونے والوں کو نکال باہر کریں۔