29 جون ، 2015
اسلام آباد........وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کےہاتھ صاف نہیں، اس نے مختلف وفاقی اداروں کے 130ارب روپے اداکرنا ہیں،سپریم کورٹ کے الیکٹرک پر بھاری جرمانہ عائد کرے۔کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ کے خلاف سپریم کورٹ میں زیرسماعت مقدمے میں وفاقی حکومت نے جواب جمع کرادیاہے، اس میں کہاگیاہےکہ 2005ءکے بعد سے کے الیکٹرک کو دی جانےوالی رعایتوں سے وفاقی حکومت کو لگ بھگ 269ارب سے زائد کا نقصان ہوا، کے الیکٹرک کو 2009ء میں رعایتیں دے کر 49عشاریہ تین ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔ وفاقی حکومت نےاپنےبیان میں کہاہےکہ کے الیکٹرک نے این ٹی ڈی سی کے55ارب 99 کروڑ 50 لاکھ، سوئی سدرن گیس کمپنی کے55 ارب48 کروڑ 50 لاکھ، پی ایس او کے3ارب 22 کروڑ 80 لاکھ،کینوپ کے4 ارب 96 لاکھ جبکہ پی ٹی وی کے86 کروڑ جبکہ دیگروفاقی وصوبائی اداروں کے10 ارب 59 کروڑ روپے اداکرناہیں جوکہ مجموعی طورپر130 ارب 25 کروڑ سےزائد کی رقم بنتی ہے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہےکہ کےالیکٹرک نج کاری معاہدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں اداکرنے میں ناکام رہاہے، 18 ویں ترمیم کےبعد کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کے ذمہ واجب الادا رقم وفاق کی ذمہ داری نہیں،نجکاری کے فوری بعد قواعد تبدیل کرکے کے الیکٹرک کو فائدہ جبکہ حکومت کو نقصان پہنچایا گیا، ادارہ اپنی مکمل صلاحیت بروئے کارلانے میں بھی ناکام رہا، وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعاکی ہے کہ کے الیکٹرک کی اپیل مسترد کرکے بھاری جرمانہ عائدکیاجائے۔