دنیا
01 جولائی ، 2015

ہیوسٹن میںافطار ڈنر کی تقریب،میئر اور ارکان کانگریس کی شرکت

ہیوسٹن میںافطار ڈنر کی تقریب،میئر اور ارکان کانگریس کی شرکت

ہیوسٹن......راجہ زاہد اختر خانزادہ......دہشت گردوںکا کسی رنگ و نسل یا مزہب سے تعلق نہیں ہو تا،دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ایسے افراد نسل،مذہب پر کلنگ کا ٹیکہ اور پوری انسانیت کے دشمن ہو تے ہیں،یہ بات امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی اور الگرین الیگزینڈرنے ایک بڑے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہو یئے کہی جس کا اہتمام ابو ظہبی،استنبول،باکو بصرہ اورکراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسو سی ایشن نے اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن سمیت مختلف کمیونٹی آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیا۔خطبہ استقبالیہ افطار ڈنر کے کوآرڈی نیٹر اور معروف کمیونٹی راہنما سعید شیخ اور چیئر مین انتظامیہ کمیٹی سنی شرما نے پیش کیا۔افطار ڈنر میں ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا پیغام بھی ویڈیو کے ذریعے پیش کیا گیا۔ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا کہ ایسی تقاریب کا اہتمام اتحاد اور تعلق کی فضا کیلئے بہت اہم ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ تمام کمیونٹی کو رنگ نسل اورمذہب سے بالاتر ہو کردہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہیئے۔الگرین الیگزینڈر کا اس موقع پر خطاب میں کہنا تھا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے اور جو لوگ اسلام کے نام پر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کا مذہب اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ حقیقی مسلمان ہیں،ہمیں ایسے عناصر کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی جو اپنا ایجنڈا دوسروں پرمسلط کرتےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں چرچ پر حملہ ہویارنگ و نسل یا مذہب کے نام پر قتل ہو ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔الگرین نے کہا کہ امریکا میں انسانی حقوق کے علمبردارلوتھر کنگ نے اپنے فلسفہ میں درگزر اور آپس میں اتحادو اتفاق سے رہنے کی تلقین کی ۔افطار ڈنر کی تقریب سے ہیوسٹن کی میئر انیس پارکرنے بھی خطاب کیا،ان کا اس موقع پر کہنا تھاکہ ہیوسٹن شہر کی یہ خوبی ہے کہ یہ شہر بین المذاہب اور مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والوں کا شہر ہے،اور آنے والے امیگرینٹس کو خوش آمدید کہا ہے ۔میئر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بصرہ سے جڑواں شہروں کے اشتراک کا معاہدہ کیا ہے جبکہ شنگھائی اور کیپ ٹائون سےبھی اسی طرح کے معاہدے کئے گئے ہیں۔اسلامک سوسائٹی آف اوکلوہاما کے صدر امامعماد،اسلامک گریجویٹ اسکول کے جیاد ترک،اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر ایم جے خان نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض خالد قاضی، اور نوشاد خالد نے سر انجام دیئے۔مولانا شاہد احمد رضوی نےنماز مغرب کی امامت کی جبکہ امام توقیر شاہ نے دعا کرائی۔پاکستانی نژاد تاجر مڈ لینڈ انرجی کے سی ای او جاوید انور نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ ہمیں نہ صرف رمضان المبارک میں بلکہ عید سمیت دیگر تہواروں پر بھی بین الاقوامی اور بین المذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو شامل کرنا چاہئے تاکہ ایک دوسرے کا کلچر اور روایات سمجھنے میں آسانی ہو سکے۔آخر میں ہیوسٹن کی میئر کو بہترین انتظامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ، بین الاقوامی اور بین المذاہب سے تعلق رکھنے والوں میں اتحاد اور بھائی چارہ کی فضا کے قیام کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے پاکستانی نژاد تاجر مڈ لینڈ انرجی کے سی ای او جاوید انور سمیت آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :