02 جولائی ، 2015
اسلام آباد......وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گھٹائیں چھائیں اور بادل بھی کھل کر برسے۔ موسم کی ان اداؤں نے نظاروں کو بھی انوکھا روپ دے ڈالا، شہر اقتدار میں صبح کا آغاز ہی بادلوں کی گھن گرج اور برستی بوندوں کے ساتھ ہوا۔ میگھا خوب ہی برسی اور پانی نے ہر شے کو ہی دھو ڈالااور پھر تو سارا دن وقفہ وقفہ سے بوندیں برسنے کا سلسلہ جاری ہی رہا۔ چہار سو جل تھل ایک ہوا تو فضا میں تازگی بھی رچ بس گئی۔ پھولوں کے رنگ نکھر کر اور بھی خوشنما ہوئے تو پتوں پر ٹھہرا پانی بھی ایسا جیسے مخمل پر موتی ٹھہر سے گئے ہوں۔ اسلام آباد کا موسم بہت ہی خوبصورت ہے، دامنِ کوہ، لیک ویو سب ہی سب جگہیں گھومنے میں مزا آیا۔ بارش تھمی تو اسلام آباد کے نظارے ہی بدل گئے۔ مارگلہ کے سر سبز پہاڑ، بادلوں کی آنکھ مچولی اور مست ہوائیں۔ ان نظاروں نے سب کو ہی دیوانہ بنا ڈالا۔ مون سون کی ابتدائی بارشوں کا سلسلہ جمعرات کی رات تک تھم جائے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے جڑواں شہر اور اس کے گرد و نواح میں بارش پھر کھل کر برسے گی۔