پاکستان
02 جولائی ، 2015

ٹرین حادثہ، فوجی جوانوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد17 ہوگئی

ٹرین حادثہ، فوجی جوانوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد17 ہوگئی

گوجرانوالہ.......گوجرانوالہ کے قریب ایک پل اس وقت ٹوٹ گیا جب ٹرین وہاں سے گزررہی تھی، پل ٹوٹنے سے ٹرین کا انجن اور 4 بوگیاں نہر میں جاگریں، واقعے میں فوجی افسروں اور جوانوں سمیت 17افراد جاں بحق اور 85زخمی ہوگئے، یہ ایک اسپیشل ٹرین تھی جو پنو ں عاقل چھاؤنی سے کھاریاں کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ ٹرین کی 4 بوگیوں میں فوجی دستے سفر کررہے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں یونٹ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون، ان کی اہلیہ، دو بچے، کرنل ارشد اور دوسرے افسر اور جوان شامل ہیں۔ ایک اور حادثہ ایک اور سانحہ پھر انسانی زندگیاں لے گیا،پنوں عاقل سے کھاریاں جانے والی خصوصی ٹرین دوپہر سوا بارہ بجے گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں ہیڈ چھناواں برج پر پہنچی،برج کا پہلا پلر کراس بھی نہ ہوا تھا کہ اچانک پل بیٹھ گیا،پل گرتے ہی ٹرین کا انجن اور اس کے ساتھ پہلی بوگی خوفناک گڑگڑاہٹ کے ساتھ چھناواں کینال میں جاگری۔ کئی سو ٹن فولادی انجن دوٹکڑوں میں بٹ گیا۔ دو بوگیاں آدھی پانی سے باہر اور آدھی نہر میں پھنس گئیں،جبکہ ایک ریلوے ٹریک اور نہر کے درمیان۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ڈبل ون، ڈبل ٹو،پولیس اور پاک فوج کی ٹیموں نے امدادی آپریشن شروع کیا،جس کی سربراہی کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمد کر رہے ہیں۔ ریلوے کے ڈپٹی ڈی ایس بلال سرور کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں تخریب کاری کا عنصر شامل ہوسکتا ہے۔اسسٹنٹ ڈرائیور نے تحقیقاتی ٹیموں کو بیان دیا ہے کہ جیسے ہی ٹرین پل پر پہنچی، ہلکی سی لرزش محسوس کی، حادثہ ہوا تو ہوش نہیں رہا، ہوش آیا تو اسپتال میں تھا۔ٹرین کا ڈرائیور حادثے میں جاں بحق ہوگیا جس کی لاش نکال لی گئی ہے۔

مزید خبریں :