پاکستان
07 جولائی ، 2015

زیرتفتیش میگا کرپشن کیسز کی فہرست سپریم کورٹ میںپیش

 زیرتفتیش میگا کرپشن کیسز کی فہرست سپریم کورٹ میںپیش

اسلام آباد...... نیب نے سپریم کورٹ میں 150 زیرتفتیش میگا کرپشن کیسز کی فہرست جمع کرائی ہے جس میں وزیراعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزرائے اعظم یوسف رضاگیلانی ، راجا پرویز اشرف اور چودھری شجاعت حسین کے نام شامل ہیں۔ نیب کی طر ف سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں مالی بے ضابطگیوں ، اراضی کے لین دین میں خرد برد اور اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق 150کیسز کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائی گئی ہے ، اس کی کاپی جیونیوز نے حاصل کرلی۔اس رپورٹ میں وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایف آئی اے میں غیر قانونی تعیناتیوں کا 1999 کی فوجی بغاوت کے فوری بعد کا کیس بھی شامل ہے ۔ میاں نوازشریف اور ان کےبھائی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کےخلاف کیس بھی شامل ہے ، انہوں نے اختیارات کاناجائزاستعمال کرتےہوئے126 ملین روپے کی لاگت سے رائےونڈ روڈ اپنے گھرتک تعمیر کرایا ۔سابق صدر آصف علی زرداری کےخلاف سابق سینٹر کی حیثیت سے 2001 میں 22ارب روپے کےغیرقانونی اثاثے رکھنے اور ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کے غیرقانونی اثاثے رکھنے کےکیسز بھی شامل ہیں۔سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف پر اختیارات کے غیر قانونی استعمال اور کرپشن کے 8مقدمات موجود ہیں ، ان میں چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کی غیر قانونی تعیناتی ، سابق وزیرکی حیثیت سے آرپی پی کنڑیکٹس اور دیگر کیسزشامل ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ہمراہ توقیر صادق کی اوگرا چیئرمین کی حیثیت سے غیر قانونی تعیناتی کے الزام میں شامل ہے۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور ان کے کزن سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف پرویز مشر ف دور میں سنہ 2000میں سابق وزیر کی حیثیت سے 2اعشاریہ428ارب روپے کے اثاثے نامعلوم ذرائع سے بنانے کا کیس بھی شامل ہے ۔ اسی طرح موجودہ وزیرخزانہ اسحا ق ڈار کے خلاف سابق وزیرخزانہ کی حیثیت سے فروری 2000میں اختیارات کے غیر قانونی استعمال اور غیرقانونی اثاثے بنانے کے تین کیسز درج ہیں ، ان میں 23ملین روپے ، 3اعشاریہ 488ملین برطانوی پاونڈز اور 1250ملین امریکی ڈالرز کےکیسز شامل ہیں۔ نیب رپور ٹ میں سابق وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیر پائو اور سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے خلاف غیرقانونی اثاثے رکھنے کے کیسز بھی شامل ہیں۔ نیب کی رپورٹ میں سابق چیئرمین ریلوے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سعیدالظفر کانام بھی میگااسکینڈل رپورٹ میں شامل ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی اور سابق وزیر داخلہ آفتاب خان شیر پائو کے خلاف نا معلوم ذرائع کے کیسز موجود ہیں۔

مزید خبریں :