08 جولائی ، 2015
حیدر آباد .....اندرون سندھ کے بیشتر اضلاع میں رات ایک بجے سے بجلی معطل ہے۔ جامشورو اور کوٹری پاور ہاؤس کی بحالی کا کام شروع ہوگیا ۔350 میگاواٹ سے زیادہ بجلی سسٹم میں آنے کے بعد حیدرآباد سمیت بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی۔ ترجمان حیسکو محمد صادق کے مطابق جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے دو یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہےجبکہ کوٹری کے پاور ہاوس سے بھی بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق سسٹم میں 350 میگاواٹ سے زیادہ بجلی آچکی ہے، جس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ حیسکو ترجمان کے مطابق حیدرآباد،مٹیاری،ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار کے فیڈرز کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔ دوسری جانب بدین،میرپور خاص، ٹھٹھہ، دادو سمیت متعدد اضلاع رات ایک بجے سے اب تک بجلی سے محروم ہیں۔حیسکو ترجمان محمد صادق کے مطابق گزشتہ روز طوفان کے باعث تار گرنے سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی پہلے ہی معطل تھی اور جامشورو پاور ہاؤس بند ہونے سے بجلی کا بحران پیدا ہوگیا۔رات ایک بجے کے قریب بجلی کی فریکوینسی ڈاؤن ہونے سے جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے تمام یونٹس ٹرپ کرگئے،جس سے 650 میگاواٹ بجلی ملنا بند ہوگئی جبکہ 150 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے کوٹری پاور ہاؤس کے بھی 4 میں سے 3 یونٹس بند ہوگئے تھے۔بجلی کی بندش کے باعث حیسکو ریجن کے 12 اضلاع میں تمام گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے تھے۔ادھر کراچی سے بجلی کی فراہمی بند ہونے کے سبب بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہو ہے ۔ بجلی کے طویل بریک ڈاون کے باعث شہریوں نے رات جاگ کر گزاری جبکہ سحری بھی اندھیرے میں کی۔