پاکستان
08 جولائی ، 2015

سندھ میں رینجرز کے چھاپوں اور گرفتاری کے اختیارات کا آج آخری روز

سندھ میں رینجرز کے چھاپوں اور گرفتاری کے اختیارات کا آج آخری روز

کراچی .....سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی مدت کا آج آخری دن ہے ۔ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ اٹھاریں ترمیم کے بعد رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی اجازت صوبائی اسمبلی سے لینی ہوگی۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی کی شق 5 کے تحت رینجرز کے چھپاپے مارنے اور گرفتارکرنےکے اختیارات کا آج آخری روز ہے جبکہ رینجرز کی سندھ میں قیام کی مدت بھی رواں ماہ ختم ہورہی ہے، رینجرز کے 90 دن کے حراست میں لینے سے متعلق اختیارات بھی اسی ماہ ختم ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کراچی میں سانحہ صفورہ میں جاں بحق اور زخمیوں کےاہلخانہ کو امدادی چیک کی تقسیم کی تقریب کے بعد گفتگو میں کہا کہ اختیارات میں توسیع کے حوالے سے رینجرز سے بات کرینگے، قانونی مشیروں سے بھی مشاورت جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آرمی چیف راحیل شریف کی وجہ سے دہشتگردوں کی خلاف کارروائیوں میں رینجرز اور سندھ حکومت کی جانب سے تیزی آئی۔ سندھ میں رینجرز کو پولیس کی طرح چھاپے مارنے، ملزم گرفتار کرنے اور ان سے تفتیش کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں، یہ اختیارات3 ماہ کیلئے دیے جاتے ہیں اور اس کے بعد ان میں توسیع کا نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :