08 جولائی ، 2015
نیویارک.......اینی میٹڈ کامیڈی فلم ’’ایل وِن اینڈ دی چپ منکس، دی روڈ چِپ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم تئیس دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ہالی ووڈ کی کامیڈی سے بھرپور نئی لائیو ایکشن اینیمیٹڈ فیملی فلم "ایل وِن اینڈ دی چپ منکس- دی روڈ چِپ" کاپہلا ٹریلر منظرِ عام پر آگیا ہے۔ہدایتکاروالٹ بیکر کی ڈائریکشن میں بننے والی ایل ون اینڈ دی چپ منکس سلسلے کی اس چوتھی کڑی کی کہانی میں تین چپ منکس دوست دشمن کی تلاش میں ایک انوکھا مشن لئےروڈ ٹرپ پر نیو یارک سٹی پہنچ جاتے ہیں جسے سر انجام دینے کیلئے چپ منکس کے پاس صرف تین دن کا وقت ہوتا ہے۔ اپنے مشن کے دوران تینوں دوست اپنی نٹ کھٹ نادانیوں سے بار بار مشکلات کھڑی کر دیتے ہیں لیکن پھر بھی خوش ہی نظر آتے ہیں۔روز بیڈیسیریئن اورجینیس کارمین کی مشترکہ پروڈیوس کردہ ایڈونچر اور ڈرامے سے بھرپور اس فلم میں مختلف کرداروں کیلئے ڈائیلاگ ہالی ووڈ کے نامور اداکارجیسن لِی، بیلا تھرون،جسٹن لانگ،ٹونی ہالے، میتھیؤ گرے، کمبرلی ولیئم اور جیسی میکارتھنی کی آوازوں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔فاکس 2000پکچرز کی تیار کردہ اس تھری ڈی فلم کے انوکھے مزاحیہ اور دلچسپ کرداردیکھنے والوں کو ہنساتے ہنساتے لوٹ پوٹ کر دینگے جو ٹوینٹیتھ سنچری فاکس کے تحت23دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔واضح رہے کہ ہالی وڈ کی مشہور اینیمیٹڈ فلم Alvin and the Chipmunksکے مداح دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں جنہوں نے اس فلم کو کامیابی سے ہمکنار کرواتے ہوئے باکس آفس پر بلاک بسٹر فلم کا درجہ دلوایا ہے۔