08 جولائی ، 2015
اسلام آباد.......... سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں 25 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو منسوخ کرتے ہوئے انتخابات کا نیا شیڈول طلب کرلیاہے ۔عدالت کاکہنا ہےکہ امید ہے اس دوران قانون سازی مکمل کرلی جائےگی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔دوران سماعت جسٹس جواد نے ریمارکس دیے کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور بلوچستان میں انتخابات ہوچکے ، اسلام آبادمیں کیوں نہیں ہورہے؟کیا اسلام آباد کے شہری تیسرے درجے کےشہری ہیں ؟کیاانہیں اپنےنمائندےچننے کاحق نہیں ؟ملک بھرمیں اسلام آبادکےشہری اس حق سے کیوں محروم ہیں ؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا بل مارچ میں اسمبلی سے منظورکرایا اورپھرسینٹ کوبھجوادیاتھا۔ جسٹس جواد نےکہاکہ حکومت نے اخراجات سے متعلق بل تو پارلیمنٹ سے منظورکرالیالیکن یہ بل حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ، پارلیمنٹ کو تو کچھ نہیں کہ سکتے ، حکومت سے پوچھیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اٹارنی جنرل آفس میں ایک اجلاس جاری ہے، عدالت نے اجلاس کی تفصیلات چیمبرمیں طلب کرلیں ۔عدالت کوبتایاگیاکہ قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کرانے میں مشکلات ہیں ،عدالت رہنمائی فراہم کرے۔اس کےبعدعدالت نے 25 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات منسوخ کرتےہوئے نیاشیڈول جاری کرنےکاحکم دیا اورامید ظاہر کی کہ اس دوران قانون سازی مکمل کرلی جائےگی ۔