14 مئی ، 2012
اسلام آباد … صدر زرداری نے ملک بھر سے غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال کم کیا جائے۔ اسلام آباد میں صدر اور وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی بحران پر اہم اجلاس ہوا جس میں بجلی کے بحران پر وفاقی وزیر پانی وبجلی اور پیٹرولیم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر نے بجلی کے بحران کے خاتمے تک مسلسل اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر زرداری نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ مشاورت کرکے صورتحال بہتر بنائی جائے۔ صدر زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر سے غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ ختم اور بجلی کا شارٹ فال کم کیا جائے۔