13 جولائی ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........منہاج القران اسپین کی جانب سے بارسلونا کے نواحی علاقے بادالونا میں سب سے بڑی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس افطار پارٹی کے انعقاد میں سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری امتیاز آف لوراں نے بھر پور تعاون کیا تھا۔ اسپین کے مقامی ایم پی ایز، ایم این ایز، پولیس کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ بادالونا کی میئر دلوریس سباتے، ڈپٹی میئر فاطمہ طالب ممبر قومی اسمبلی کارلوس کمپانو، خی تانو فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری فاجیک، سانت روک تنظیم کے نائب صدر میگیل، خانہ بدوش فیڈریشن کے روحانی پیشوا مانویل کورتیس نے افطار پارٹی میں خصوصی شرکت کرکے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے بادالونا کی میئر دلوریس سباتے نے کہا کہ اسپین کے تمام شہروں اور ہمارے اس علاقے میں تمام مذاہب کو اپنی عبادات اور رسومات کی ادائیگی کے لئے مکمل آزادی حاصل ہے اور ویسے بھی ہم سب تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، میئر بادالونا نے شرکاء افطار پارٹی کو رمضان کے بابرکت مہینے کی مبارک باد دی۔ ان کے ساتھ مراکشی نژاز پہلی خاتون کونسلر و ڈپٹی میئر فاطمہ طالب نے کہا کہ میرا یہاں کونسلر بننا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ سپین میں تمام مذاہب کے حقوق برابر ہیں۔ افطار پارٹی سے ایم این اے کارلوس کمپانو، نوید احمد اندلسی، عمیر ڈار، چوہدری امانت مہر، چوہدری عبدالغفار مرہانہ، چوہدری امتیاز آکیہ، قدیر خان اور محمد اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسی افطار پارٹیاں یہاں کی مقامی کمیونٹی اور مسلمانوں کے درمیان اچھے اور مثبت تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنتی ہیں۔