13 جولائی ، 2015
کراچی......خدمت خلق فائونڈیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ خدمت خلق فائونڈیشن غریب و مستحق افراد کی امداد کیلئے اس سال رینجرز کی کارروائیوں کے باعث شدید مالی بحران کا شکار ہے لہٰذا مخیر حضرات اور عوام دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیاد امداد کیلئے اپنے زکوٰۃ ، فطرہ اور دیگر عطیات از خود شہر کے مختلف کے مختلف علاقوں میں قائم کئے گئے خدمت خلق فائونڈیشن کے مراکز کے ، ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد اور مسلم کمرشل بنک واٹر پمپ برانچ کے اکائونٹ نمبر0431390931000816،برانچ کوڈ 0073میں جمع کرائیں ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن سالہا سال سے غرباء ، مساکین ، یتیموں اور مستحقین کی امداد کے علاوہ انہیں تعلیم و تربیت اور علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرتی چلی آرہی ہے اور رمضان المبار ک کے آخری عشرے میں اس ادارے کے تحت سالانہ امدادی پروگرام منعقد ہوتا ہے جس میں کروڑوں روپے مالیت کا امدادی سامان اور نقد رقوم مستحقین میں تقسیم کی جاتی ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کیلئے زکوٰۃ ، فطرہ اور دیگر عطیات جمع کرنے والے رضاکاروں کو نہ صرف ہراساں کیاجارہا ہے بلکہ انہیں گرفتار تک کیاجارہا ہے ۔اس صورتحال کے باوجود خدمت خلق فائونڈیشن اپنے مشن و مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور انشاء اللہ سالانہ امدادی پروگرام منعقد کرکے ہزاروں مستحقین کو عید کی خوشیوں میں شریک کریگی ۔ ترجمان نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے زکوٰۃ ِ، فطرہ اور صدقات خدمت خلق فائونڈیشن کے مراکز پر جمع کرائیں