پاکستان
14 جولائی ، 2015

الطاف حسین پر برطانیہ میں قتل کاکوئی مقدمہ درج نہیں، بیرسٹر سیف

الطاف حسین پر برطانیہ میں قتل کاکوئی مقدمہ درج نہیں، بیرسٹر سیف

اسلام آباد......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما، سینیٹر بیرسٹرمحمدعلی سیف نے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشیدکی بے خبری کایہ عالم ہے کہ وہ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ الطاف حسین پربرطانیہ میںقتل کامقدمہ ہے جبکہ حقیقت تویہ ہے کہ ان پر قتل کاکوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔بے خبری کی اس انتہاء پر نہایت ادب کے ساتھ پرویزرشیدصاحب کویہی مشورہ دوں گا کہ وہ وزیراطلاعات کے عہدے سے رضاکارانہ طورپراستعفیٰ دیدیں،پرویزرشید صاحب کوچاہیے کہ وہ پہلے اپنے گھرکی خبرلیں اور وزیردفاع خواجہ آصف کے دوروزقبل ایک نجی ٹی وی کودیئے گئے انٹرویوکاجائزہ لیں جس میں خواجہ آصف نے فوج کے جرنیلوںپر حکومت کے خلاف سازش کرنے اورقومی مفاد کے خلاف کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔سینٹربیرسٹرسیف نے کہاکہ پرویزرشید صاحب کوچاہیے کہ وہ خواجہ آصف سے کہیں کہ وہ اعلیٰ فوجی حکام پر الزامات لگانے پر قوم سے معافی مانگیں۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے اپنے ایک ہنگامی بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قریبی تھانے میں سادہ پیپر پہنچاکرثواب دارین حاصل کریںکیونکہ تمام تھانوں میں الطاف حسین کے خلاف ایف آئی آرز اور درخواستیں درج کرتے کرتے تھانوں میں سادہ کاغذ ختم ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :