پاکستان
15 جولائی ، 2015

ریحام، میڈیا پر برسنے کے بجائے جعلی ڈگری کی وضاحت کریں، کشورزہرہ

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ، شعبہ خواتین کی انچارج اور رکن قومی اسمبلی کشورزہرہ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان سے کہاہے کہ وہ پاکستانی میڈیا پر برسنے کے بجائے اپنی جعلی ڈگری کے الزام کی وضاحت کریں ۔ ایک بیان میں انہوںنے ریحام خان کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے خلاف توہین آمیز اور گھمنڈی طرزعمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ریحام خان کی ڈگری کے مشکوک ہونے کی خبر ایک برطانوی اخبار نے جاری کی ہے لیکن اس کی تردید کرنے کے بجائے ریحام خان پاکستانی میڈیا پر برس رہی ہیں اور نفرت انگیزو تحقیرآمیز ریمارکس دے رہی ہیں ۔ریحام خان خود کو تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرے کا حصہ قراردیتی ہیںلیکن پاکستانی میڈیا کے حوالہ سے ان کی حقارت اور غروروتکبر سے بھرارویہ ان کے دعوے کی نفی کررہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی میڈیا ریحام خان کو ’’قومی بھابھی‘‘ قراردے رہا ہے ، ان کے لباس، چوڑیوں کے ڈیزائن، قلفی کھانے کے شوق اور دیگر معاملات کو خبروں میںنمایاں کررہا ہے لیکن اسی میڈیا کے بارے میں ریحام خان کا شرمناک رویہ ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے جوریحام خان کو ’’راتوں رات ‘‘سیاسی شخصیت بنانے میں مصروف ہیں ۔ کشورزہرہ نے پاکستانی میڈیا اورصحافیوں کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ریحا م خان کے غیرذمہ دارانہ ، آمرانہ اور توہین آمیز رویے کا فوری نوٹس لیں اورپاکستانی صحافت کی تذلیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

مزید خبریں :