27 جولائی ، 2015
کراچی.... رفیق مانگٹ....... پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فضائی رابطوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر دشجن شیکاروف نے ٹرینڈ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ فضائی رابطے 12 اگست سے شروع ہوں گے۔ ترکش ائیرلائن کے طیارے اسلام آباد سے باکو اوراستنبول کے روٹ پر پرواز کریں گے۔ایک سہ فریقی معاہدے کے تحت پروازیں ہفتے میں دو بار پیر اور جمعہ کو اڑان بھریں گی۔فلائیٹ کی ٹکٹ پانچ سے چھ سو ڈالر کی ہوگی اور پرواز کا دورانیہ تین گھنٹے کا ہوگا۔فضائی رابطہ دوبارہ شروع کرنے کا معاہدہ مارچ میں آذربائیجان میں پاکستانی صدر ممنون حسین کے سرکاری دورے پر کیا گیا۔ممنون حسین نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے ساتھ ایک اجلاس میں یہ اقدام اٹھایا جس کے جواب میںآذربائیجان کے صدر نے حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ استنبول تا اسلام آباد پرواز کی باکو تک توسیع کے مسئلے پر ترکی کے وزیر اعظم احمد داو¿د اوغلوکے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ فضائی رابطوں کے آغاز سے دونوں ممالک کی سیاحت کی ترقی میں مدد ملے گی اور فضائی رابطے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اہم کردار ادا کریں گے ۔سفیر ے کہا کہ پاکستان کے لوگ آذربائیجان سے محبت کرتے ہیں۔آذربایجان کی کسٹم کمیٹی (SCC) کے مطابق جنوری تا جون 2015 کے دوران، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان تجارت1318400ڈالر تک رہی۔