27 جولائی ، 2015
کراچی.... رفیق مانگٹ.......بھارتی اخبار”انڈیا ٹوڈے“ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی امن مذاکرات کےلئے قومی وقارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں، لیکن قومی غیرت کی قیمت پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھ نہیں سکا کہ جب ہم اپنے ہمسائے کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں،بار بار سرحد پار دہشت گردی کے واقعات شروع ہوجاتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کو واضح پیغام اور دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ ہم حملہ کرنے میںپہل نہیں کریں گے لیکن اگر ہمیں نشانہ بنایا گیا تو ہم مناسب یا بھرپورجواب دیں گے۔دوسری طرف بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے گرداسپور دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں 29 جولائی کے لئے شیڈول پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کے ساتھ اپنی ملاقات منسوخ کر دی۔بھارتی جریدے ”آوٹ لک“ کے مطابق قومی امور اور میڈیا پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ہرچرن بنس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہائی کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کےلئے درخواست کی تھی۔لیکن وزیر اعلیٰ نے گرداسپور میں دینانگر میںپیش آنے والے واقعہ کے پیش نظر ملاقات ملتوی کردی ہے۔پاکستان کے ہائی کمشنر کا 29 جولائی سے یکم اگست تک چندی گڑھ کا دورہ شیڈول تھا۔جریدے نے الزام لگایا کہ خیال کیا جا رہا ہے کہ دہشت گرد سرحد پار پاکستان سے آئے تھے۔