دنیا
01 اگست ، 2015

پاکستانیوں کے مقام ومرتبے کو بھی تسلیم کیا جائے، سارہ ولا ممبر اسپین پارلیمنٹ

 پاکستانیوں کے مقام ومرتبے کو بھی تسلیم کیا جائے، سارہ ولا ممبر اسپین پارلیمنٹ

بارسلونا......شفقت علی رضا ......اسپین میں اسرائیلی افراد تعداد میں بہت کم ہیں اور ہمارے اسرائیل سے سفارتی اور تجارتی تعلقات بہت مضبوط ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستانی کمیونٹی اسپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیہ میں اسی ہزار کے قریب مقیم ہے مگر اسپین کے پاکستان سے سفارتی تعلقات اس قدر مضبوط نہیں جتنے اسرائیل سے ہیں، اسرائیلیوں کی طرح پاکستانیوں کے مقام ومرتبہ کو بھی اسپین میں تسلیم کیا جائے، اس کے علاوہ پاکستانیوں نے ہمارے ملک کے معاشی حالات کو بہتر کیا، ہم ان کی قدر دل کی اتھاہ کی گہرائیوں سے کر تے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کاتالان ممبر پارلیمنٹ ’’سارہ ولا‘‘ نے گزشتہ روز مقامی ریسٹورنٹ پر ہونے والی تقریب میں کیا،جس کے مہمانانِ خصوصی بلوشیر گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر، ضلعی امن کمیٹی کے ممبر، صدر کسان بورڈ گجرات یاسرعرفات وڑائچ، گجرات کی سماجی شخصیت خرم چوہدری اور آئی سی وی بادالونا کی صدرآئیدہ تھے۔ سارہ ولا نے کہا کہ میں آج تک پاکستانیوں کی پاکستان میں مہمان نوازی کو نہیں بھلا سکی، جو عزت مجھے وہاں ملی میرے لئے خلاف توقع تھی،میں پاکستان میں ملنے والے پروٹوکول کو کبھی نہیں بھلا سکتی اور پروٹوکول دیکھ کر مجھے احساس ہو اکہ میں بہت خاص شخصیت ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاتالونیہ کے انتخابات میں ہمیں پاکستانیوں کی اشد ضرورت ہے کیو نکہ پاکستانی بھی کاتالان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورۂ پاکستان سے وہ تاثر ختم ہوگیا جو ہمارا میڈیا ہمیں دکھا رہا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کی آماجگاہ ہے یا وہاں پر طالبان دندناتے پھرتے ہیں۔ اس موقع پر سارہ ولا کو پاکستانی کمیونٹی کیلئے پاکستا ن کا دورہ کرنے اور اسلام آباد میں اسپانش ایمبیسیڈر کو کمیونٹی کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے درخواست کرنے پر پنجاب حکومت اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گجرات کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور تہنیتی خط بھی پیش کیا گیا جو انہیں یاسرعرفات وڑائچ نے دیا۔ اس موقع پر گجرات کی سماجی شخصیت خرم چوہدری نے سارہ ولا کو پاکستان کی روایتی شال کا تحفہ بھی دیا۔ تقریب میں حاجی نوید وڑائچ، چوہدری مظہر وڑائچانوالہ، علی ذوالفقار حشمت، حافظ احمد خان،چوہدری عبدالغفار مرہانہ، سفیان یونس، ڈاکٹر ہما جمشید، چوہدری سلیم لنگڑیال، کلیم الدین وڑائچ، چوہدری پرویز لوہسر، چوہدری امتیاز آف لوراں اور دوسرے معززین نے شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام شہزاد اکبر وڑائچ، میاں عامر رضا، چوہدری عمران ساہی، چوہدری تصور عباس وڑائچ اور چوہدری طاہر جاوید آف تیرو چک نے کیا تھا۔

مزید خبریں :