03 اگست ، 2015
سوات......قیام امن کے خاطر خیبرپختونخوا پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہے۔ پولیس کی قربانیوں کے اعتراف اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خیبرپختونخوا میں ہفتۂ شہدائے پولیس منایا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں کشیدہ صورتحال کے دوران عوام اور دیگر فورسز کی طرح پولیس اہل کاروں نے بھی امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ صرف وادیٔ سوات میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 102پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سوات میں بھی ہفتۂ شہدائے پولیس منایا جارہا ہے ۔ ڈی پی او سوات سلیم مروت کا کہنا ہے کہ ہفتۂ شہداء منانے کا مقصد شہداء کے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، دہشت گردی ہر حالت میں ہم ختم کرینگے اس کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں ہے، اس کے خلاف جتنی قربانیاں دیں گے وہ کم ہیں۔ مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں شہید اہلکاروں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ پولیس کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سول سائٹی کے لوگ پولیس سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں اور اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہیں۔ دہشت گردی سے سب سے متاثرہ صوبےخیبرپختونخوا میں صرف گزشتہ تین سالوں کے دوران 255اہلکار شہید ہوگئے ہیں جبکہ 400سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ دیا ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔