13 اگست ، 2015
کراچی.......کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامرخان کی حج پر جانے سے متعلق درخواست پر عامر خان کی جانب سے حج پر جانے کے لیے کرائی گئی رجسٹریشن طلب کرتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل حج پر جانا چاہتے ہیں اور حکومت کی جانب سے شیڈول بھی جاری کیاجا چکا ہے۔عامر خان پر اسکے علاوہ اور کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے، لہذا انھیں حج پر جانے کی اجازت دی جائےجس پررینجرز کے وکیل رانا خالد نے کہا کہ عدالت نے اپنے احکامات میں کہا تھا کہ عامر خان ملک نہیں چھوڑ سکتے۔عدالت کو اپنے احکامات پر نظر ثانی یا ترمیم کااختیار نہیں ہے۔عامر خان کی ضمانت کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔عدالت نے جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرد جرم عائد ہونے سے پہلے پولیس فائل کے بغیر عامر خان کو ضمانت دی۔ رینجرز کے وکیل رانا خالد کا مزید کہنا تھا کہ عامر خان پر سنگین الزامات ہونے کے باعث انھیں ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔عامر خان ایف آئی اے اور محکمہ داخلہ کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔ رانا خالد نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کچھ پارلیمنٹیرین پہلے ہی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ انھیں پکڑے جانے کا اندیشہ ہےاگر یہ ملک سے باہر چلے گئے تو حالات مزید خراب کریں گے۔عدالت نے عامر خان کی جانب سے حج پر جانے کے لیے کرائی گئی رجسٹریشن طلب کرتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔