13 اگست ، 2015
اسلام آباد.......چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے ریاست کر اندر ریاست بنا رکھی ہے، کسی کی نہیں سنتی۔ وزیر مملکت داخلہ بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی بریک ڈاؤن نے زخموں پر نمک پاشی کی۔ سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ کے الیکٹرک قاتل الیکٹرک ہے جو کراچی میں اموات کی ذمہ دار ہے۔ کراچی میں شدید گرمی سے ہلاکتوں اور کے الیکٹرک کی بجلی کی ترسیل میں تعطل پر چیئرمین سینیٹ نے ریمارکس دیے کہ کے الیکٹرک پارلیمنٹ کے سامنے پیش نہیں ہوتی، وفاق اور صوبائی حکومت کے ساتھ بیٹھنے سے بھی انکاری ہے۔ تحریک التوا پر بات کرتے ہوئے سینیٹرز سعید غنی، سسی پلیجو اور تاج حیدر نے کہا کہ اگر شدید گرمی کے دوران کراچی میں لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی تو شاید اتنی زیادہ ہلاکتیں نہ ہوتیں، کے الیکٹرک کو حکومتی تحویل میں لے لیا جائے۔ وزیر مملکت داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا کہ کراچی میں بجلی بریک ڈاؤن نے زخموں پر نمک پاشی کی، کے الیکٹرک نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سسٹم اپ گریڈ کیا، نہ ہی صلاحیت کے مطابق پوری بجلی پیدا کی۔ سینیٹر ستارہ ایاز نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ صوبائی نیب حکام انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ اگر سینیٹرز کی چادر اور چاردیواری کو پامال کیا گیا تو چیئرمین سینیٹ سے نمٹنا ہو گا، امید ہے ادارے یہ زبان سمجھ گئے ہوں گے۔ سینیٹ نے یوم آزادی پر متفقہ قرارداد بھی منظور کر لی۔ اس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔