13 اگست ، 2015
کراچی ......گزشتہ روزجیو نے آپ کو آگاہ کیا تھا کہ یوم آزادی پر کراچی میں دہشت گردی کی سازش ناکام بنادی گئی ہے، سیکورٹی فورسز نے کراچی اور حیدرآباد میں ایک ساتھ کارروائی کرکے کچھ ملزم گرفتار کیے تھے،اس دہشت گردی کے منصوبے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ کراچی میں یوم آزادی پر حملہ کرنے سے پہلے مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیا گیا ، دہشت گرد جشن آزادی کے کسی بڑے اجتماع میں خودکش حملہ کرنا چاہتے تھے، اس سازش کرنے والے گروہ میں 5 افراد پکڑے گئے جن میں ایک جوڑا یعنی میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ ایک شخص قائدآباد سے پکڑا گیا جبکہ مبینہ بمبار سپر ہائی وے سے گرفتار ہوا۔ اس مبینہ خودکش بمبار نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت لی تھی۔ دہشت گردی کے لیے منتخب کی گئی گاڑی سہراب گوٹھ سے قبضے میں لی گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔