دنیا
17 مئی ، 2012

ایران شام کو غیر قانونی ہتھیار فراہم کررہا ہے ، اقوام متحدہ

نیویارک… اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایران کیلئے غیر قانونی ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے شام سرفہرست منزل ہے جبکہ ایران مسلسل اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک ٹیم کی جانب سے سلامتی کونسل کی ایران پر پابندیوں بارے کمیٹی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ماہرین کی ٹیم نے ایران کے غیر قانونی ہتھیاروں کی تین بڑی کھیپوں کے بارے میں تحقیقات کی ہیں جن سے یہ واضح ہوا ہے کہ ایران مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے دو کھیپ شام بھیجی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایران کی جانب سے غیر قانونی ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے شام اس کی سرفہرست منزل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہتھیاروں کی تیسری کھیپ ان راکٹوں پر مشتمل تھی جن کے بارے میں گزشتہ سال برطانیہ نے کہا تھا کہ یہ راکٹ ایران کی جانب سے افغانستان میں طالبان کو فراہم کئے گئے ہیں ۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ایران پر اس حوالے سے مزید پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔

مزید خبریں :