18 اگست ، 2015
باجوڑ.......پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق رکن قومی اسمبلی سید اخونزداہ چٹان کے بیٹے کو 29گھنٹوں بعد اغوا کارسڑک پرچھوڑ کر فرارہوگئے۔ سید اخونزادہ چٹان کے 8سالہ بیٹے چوتھی جماعت کے طالب علم حسین شاہ کو پیرکی صبح اسکول جاتے ہوئے گھرکے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز نے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرکے اغوا کاروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا اوراغوا کارآج بچے کو ڈوسئی قبرستان کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ باجوڑ لیویزنے گشت کے دوران سڑک کنارے بیٹھے لڑکے کو شناخت کے بعد گھر پہنچادیا۔ حسین شاہ نے بتایا کہ اغوا کاروں نے اس پرتشدد نہیں کیا، ان کی تعداد 5تھی اور وہ کہہ رہے تھے کہ دو دن میں رہا کردیں گے۔ حسین شاہ کے گھر پہنچنے پرخوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بچے کی بازیابی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح باجوڑ ایجنسی میں پھیل گئی اور لوگ بڑی تعداد اخونزادہ چٹان کے حجرے پر پہنچ گئے۔ اخونزادہ نے بچے کی بحفاظت بازیابی پر وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، گورنر خبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، دیگر سیاسی اور سماجی افراد سمیت سیکورٹی فورسزکا شکریہ ادا کیا ہے۔