پاکستان
17 مئی ، 2012

وفاقی وزیر سمیت اراکین اسمبلی کیخلاف کرپشن کے الزام کی تحقیقات

اسلام آباد…نیب بلوچستان نے نے وفاقی وزیربرائے پوسٹل سروسز سردار عمر گورگیج سمیت دو اراکین قومی اسمبلی کے خلاف کرپشن کے الزام میں تحقیقات شروع کردیں۔یہ انکشاف ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ برہان علی نے میڈیا کو ایک بریفنگ کے دوران کیا، ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز کے خلاف تحقیقات ہائی کورٹ کے حکم پر شروع کی گئی ہیں، ان پر سرکاری اثر رسوخ کیذریعے پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان اپنے نام الاٹ کرانے کا الزام ہے، اس حوالے سے سردار عمر گورگیج کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں ایک کیس بھی زیرسماعت ہے، اس موقع پر ڈی جی نیب نے بتایا کہ صوبائی محکمہ تعلیم میں فرنیچرز کی خریداری میں ایک ارب روپے کی خردبرد کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں نیب نے مختلف مقدمات کے چار ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے گئے ہیں،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چار ماہ میں نیب نے 62کروڑ روپے کی ریکوری کی اور اس دوران 23ملزمان کے خلاف کاروائی کی گئی، جبکہ نیب بلوچستان کی جانب سے اس وقت مختلف مقدمات میں 29ارب روپے مالیت کی خردبرد کی انکوائری جاری ہیں، اس موقع پر انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ بلوچستان میں بہت سی ایسی اسکیمیں ہیں جن کی مختص رقم شروع ہونے سے پہلے ہی نکالنا شروع کردی جاتی ہے جس کی ایک مثال جیوانی میں فش ہاربر کی تعمیر کے منصوبہ ہے، منصوبے کے لئے113ملین کی رقم استعمال کی جاچکی ہے لیکن اس منصوبے پر پروگریس ابھی زیرو ہے، ایک سوال کے جواب میں ڈی جی نیب نے بتایا کہ بلوچستان میں 50ملین سے لاگت کے وفاقی و صوبائی میگا پراجیکٹس کی نگرانی نیب کرے گی۔

مزید خبریں :