18 اگست ، 2015
قصور........قصورویڈیو اسکینڈل کے مزید4متاثرین اورایک نیا ملزم سامنے آگیا۔ جے آئی ٹی کی تحقیقات 7ویں روز بھی جاری رہیں اورمزید 6 افراد نے بیانات قلمبند کرادیئے۔ تاہم ویڈیو اسکینڈل کا معاملہ اٹھانے والوں نے جے آئی ٹی کا بائیکاٹ جاری رکھا۔ قصورویڈیو اسکینڈل کے متاثرہ 4مزید افراد نے تھانہ گنڈا سنگھ والا میں درخواستیں جمع کرادی ہیں۔ پولیس کے مطابق درخواست گزاروں میں ثناءاللہ، عید محمد، بشیراحمد اورامین شامل ہیں۔ نیا درخواست گزار عید محمد 3سال سے لاپتہ لڑکے وحید اختر کاباپ ہے۔ ویڈیو اسکینڈل کا ایک اور ملزم بشارت بھی سامنے آگیا جس کےبعد ملزمان کی تعداد 19ہوگئی ہے۔ اُدھر ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے ساتویں روز بھی اپنا کام جاری رکھا اور مزید 6افراد کے بیانات قلمبند کیے۔ تاہم ویڈیو اسکینڈل کا معاملہ اٹھا نے والے مبین اور سلطان رضا نےجے آئی ٹی کابائیکاٹ جاری رکھا اور پیش نہیں ہوئے۔